کوئٹہ: محکمہِ کھیل اور امورِ نوجوانان حکومتِ بلوچستان اور چانن ڈولپمنٹ ایسوسی ایشن (سی ڈی اے) کی جانب سے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیشنل یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک بھر سے تین سے سو زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔ چانن ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (سی ڈی اے)، جو نوجوانوں کی قیادت میں 2006 میں قائم کی گئی ایک قومی تنظیم ہے، جو نوجواں کی فیصلہ سازی کے مراحل میں شراکت کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔
نیشنل یوتھ سمٹ کا عنوان نوجوانوں کی استعداد کو پائیدارمستقبل کے لئے بروئے کار لانا، ملک کو در پیش مسائل کے ممکنہ حل تلاش کرنا اور تبدیلی کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔ اس سہہ روزہ تقریب کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ خوشحال ، پر امن اور مستحکم پاکستان کے لئے بھر پور کردار ادا کر سکیں۔
نیشنل یوتھ سمٹ کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی، کوآرڈینیٹر برائے نوجوانان نواب زادہ جمال خان رئیسانی، سیکریٹری محکمہِ کھیل ،امورِ نوجوانان إسحاق جمالی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی ڈی اے، محمد شہزاد خان اور کنوینئر پارلیمانی ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جی رومینہ خورشید عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کی تاکیدکی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر برائے امورِ نوجوانان نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ، اس سہہ روزہ پروقار تقریب کے انعقاد پر میں اپنے محکمہِ کھیل اور امورِ نوجوانان کے عملہ اور چانن ڈولپمنٹ ایسو سی ایشن کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ملک بھر سے آپ جیسے محترک نوجوانوں کو کوئٹہ جیسے خوبصورت شہر میں جمع کیا۔ میں اس پر وقار تقریب کے موقع کی مناسبت سے ایک اہم سنگ میل یعنی بلوچستان یوتھ پالیسی کا مسودہ کو جلد از جلد مکمل کے کے صوبائی اسمبلی سے منظور کرانے کا اعادہ کرتا ہوں تا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز فیصلہ سازی کا حصہ بنے۔ یہ جامع یوتھ پالیسی فریم ورک، جو یوتھ ڈیپارٹمنٹ کی محنت اور کاوشوں سے تیار کی گئی ہے، ہماری نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے اجتماعی وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ ہمارے نوجوانوں کی امنگوں، خوابوں اور اختراعی خیالات کی عکاس پالیسی ہوگی ہے، جس کا مقصد ایک ایسا نظام بنانا ہے جو ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے اور انہیں بلوچستان سمیت ملک کے خوشحال مستقبل کی طرف لے جانے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرے۔
سیکریٹری برائے محکمہِ کھیل اور امورِ نوجوانان محمد إسحاق جمالی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ، دنیا بھر کی تاریخ میں نوجوان تبدیلی اور ترقی میں سب سے آگے رہے ہیں۔ ان کے پاس ایک غیر متزلزل عزم، تازہ نقطہ نظر، اور لامحدود توانائی ہے جو معاشروں میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ آج، ہم ان کی آواز کو بڑھانے، ان کی امنگوں کا جشن منانے اور ان کے خوابوں کو پہچاننے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ یہ نیشنل یوتھ سمٹ ہمارے عظیم ملک کے ہر کونے سے نوجوان ذہنوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے کہ وہ آپس میں اتحاد، تعاون اور تبدیلی کی ایک ایسی شمع روشن کر سکیں جو ہمارے ترقی یافتہ، خوشحال پاکستان کے مستقبل کو تشکیل دے گی۔
نیشنل یوتھ سمٹ کے پہلے روز سابقہ ایم پی اے اور نیشنل پارٹی کی مرکزی رہنمامیڈم یاسمین لہڑی، سماجی کارکن، جہانگیر بازئی، نوجوان سماجی کارکن جیا جگی، نمرہ پرکانی و دیگر سیاسی و سماجی رہنماوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نوجوانوں کے لئے مختلف مہارتوں پر تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔